بھوپال28اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) چار دن پہلے شیاملہ ہلس واقع ہندی بھون میں منعقد کئے گئے سنت کانفرنس کی انتظامیہ کمیٹی کی طرف سے پروگرام کی اجازت نہ لینے کو لے کر سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔ کانگریس کی طرف سے الیکشن کمیشن میں کی گئی شکایت کے بعد ضلع الیکشن حکام نے معاملے کی جانچ کر کے رپورٹ کمیشن کو بھیج دی ہے۔اس سنت کانفرنس میں وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی شرکت کو لے کر بھی کانگریس نے شکایت درج کرائی تھی۔ ضلع الیکشن افسر کی جانب سے کمیشن کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجہ بھوج سمیتی کے چیئرمین راجیش تیواری کی جانب سے سادھو سنتوں کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لیکن نہ ہی پروگرام کی اجازت لی گئی اور نہ لاؤڈ اسپیکرز لگانے کی اجازت لی گئی تھی۔ کلکٹر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کمیٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کرایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سنت کانفرنس میں وزیر اعلی چوہان موجود تھے، لیکن ووٹ کی اپیل نہیں کی تھی۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ مدعو کئے گئے تھے ۔ ادھر انتظامیہ کمیٹی کے چیئرمین راجیش تیواری کا کہنا ہے کہ پروگرام کی اجازت کے لئے اطلاع بھیجی تھی، خط بھی دیا گیا تھا. چونکہ پروگرام ہال میں ہوا ہے۔ اگر کمیشن پوچھے گا تو اپنا جواب پیش کر دیں گے۔